سٹیریو ٹائپ کردار کرنے کی بجائے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنا پسند کروں گا: نوازالدین صدیقی

Published On 03 May,2023 12:07 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے نامور اداکار نوازالدین صدیقی نے کہا ہے کہ وہ ایک جیسے سٹیریو ٹائپ کردار ادا کرنے کی بجائے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنا پسند کریں گے۔

اپنی نئی فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر اداکار نے فلم انڈسٹری میں اپنے شوبز کیریئر کے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ میں ہر روز کچھ نیا سیکھتا ہوں اور نیا تجربہ میری کرافٹ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جس طرح میں 20 برس قبل اداکاری کرتا تھا اب میں اس طرح کی اداکار نہیں کرسکتا ہوں کیوں کہ اب میرے پاس 20 برس کا تجربہ بھی ہے۔

نوازالدین صدیقی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مجھے کہے کہ وہ لوگ آپ کو سپر سٹار بنادیں گے لیکن آپ کو صرف ایک ہی قسم کا کردار کرنا پڑے گا تو میں اپنے آپ کو مار دوں گا، میں جلد بور ہوجاؤں گا اور کوئی اور فیلڈ جوائن کرلوں گا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ صرف ایک خاص قسم کے کردار یا صنف تک محدود نہیں رہنا چاہتے بلکہ مختلف قسم کے کردار کرکے اپنی صلاحیت کو بڑھانا چاہتے ہیں۔