لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پرعورتوں کے لئے ایک پوسٹ تحریر کی جس میں انہوں نے کام کرنے والی خواتین پر کی جانے والی تنقید پر بات کی۔
پاکستانی اداکاروں پر سنگین الزامات لگائے جانے کے بعد بہت سے اداکار اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں، ایسے میں پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے بھی خواتین کے حق میں آواز اٹھائی اور لکھا کہ پاکستان میں ہر کام کرنے والی عورت پر تنقید کی جاتی ہے، انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہاں کی عورت ہر روز ہی توہین، ہراسانی، شرمندگی کا سامنا کرتی ہے اور انہیں برے القابات سے پکارا جاتا ہے، ہمیں جاگنا ہو گا، آواز اٹھانی پڑے گی اس پر بات کرنی ہوگی اور اس صورتحال کو دیکھنا ہوگا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عورت اس ملک کی آبادی کا نصف ہے اور ہمیں اس انداز میں بےعزت کیا جاتا ہے، ہم رہمنا ہیں، ہم مشکلات کا سامانا کرنے والی ہیں، جانباز ہیں، ہم پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہمیں بھی ایسے ہی عزت اور احترام چاہیے۔
اس پوسٹ پر سونیا حسین کو منفی تبصروں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا اگر آپ نے ایسا رہنا پسند کیا ہے تو روئیں نہیں، لوگ آپ پر کچرا پھینکیں گے، بہت سی خواتین نے عزت کے ساتھ شوبز کو خیرباد کہا اور اسی لیے شوبز کو چھوڑ دیا۔
ایک صارف نے لکھا ایسا کچھ نہ لکھیں، ایک صارف نے لکھا کہ پہلے اسلام پر تو عمل کر لیں پھر حقوق کی بات کریں۔