کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار اور ماڈل روبیہ چودھری مشہور میوزک پروڈیوسر عمیر ڈار کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
روبیہ چودھری نے شادی کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور زیادہ تفصیل کے بجائے نکاح کے اعلان کے ساتھ نئے شادی شدہ جوڑے کی ایک تصویر اپلوڈ کی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ الحمداللہ، دلہن اور دولہے کو ایک بہترین تصویر مل گئی ہے جس سے ان کی نجی زندگی کا زیادہ اظہار نہیں ہوتا لیکن یہ ان دونوں کی خوشی کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے کافی ہے، آخر کار، ہمیں اپنے شادی کے اعلان کا موقع مل گیا، آپ سب ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
پوسٹ کے وائرل ہوتے ہی مداحوں اور فلم انڈسٹری کے دوستوں کی طرف سے مبارک باد کا سلسلہ شروع ہوگیا، سونیتا مارشل، نتاشہ بیگ، آمنہ الیاس، علی گل پیر، رابعہ بٹ اور زلے سرحدی نے سب سے پہلے اپنے مبارکباد کے پیغامات بھیجے۔
واضح رہے کہ یہ روبیہ چودھری کی دوسری شادی ہے، اس سے قبل 2016 میں وہ موسیقار میکال حسن سے شادی کرچکی ہیں لیکن کچھ ماہ بعد ہی ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔