مسز ورلڈ 2022 کا اعزاز بھارتی حسینہ سرگم کوشل کے نام

Published On 19 December,2022 01:03 pm

ویگاس: (ویب ڈیسک) بھارت کی سرگم کوشل نے مسز ورلڈ 2022 (دنیا کی حسین ترین شادی شدہ خاتون برائے) کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسز ورلڈ 2022 کے انتخاب کے لئے مقابلہ حسن کا انعقاد امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہوا۔

مقابلہ حسن میں 63 ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اور مختلف مراحل کے بعد بھارت کی سرگم کوشل کو مسز ورلڈ 2022 قرار دیا گیا۔

ایوارڈ کے جیوری پینل میں بھارتی اداکارہ سوہا علی خان، سابق مسز ورلڈ ادیتی گوتریکر، وویک اوبرائے اور محمد اظہر الدین بھی شامل تھے۔

32سالہ سرگم کوشل کا تعلق جموں کشمیر سے ہے، انہوں نے انگریزی ادب میں پوسٹ گریجویشن کیا ہے اور کچھ عرصہ تدریسی فرائض بھی سرانجام دیئے، انہوں نے بھارتی بحریہ کے ایک افسر سے 2018 میں شادی کی۔

واضح رہے کہ بھارت نے 21 سال بعد مسز ورلڈ کا تاج اپنے نام کیا ہے، اس سے قبل ڈاکٹر ادیتی گوتریکر نے 2001 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

انہوں نے بھیجا فرائی، دے دھنا دھن اور اسمائل پلیز جیسی کئی فلموں میں کام کیا ہے، ادیتی بھی مسز ورلد 2022 کے مقابلے میں جیوری ممبر کے طور پر شامل تھیں۔

یاد رہے کہ مسز ورلڈ دنیا کا پہلا مقابلہ حسن ہے جس میں شادی شدہ خواتین شرکت کرتی ہیں، اس مقابلہ حسن کا انعقاد 1984 سے ہو رہا ہے، پہلے اس کا نام مسز امریکا تھا جسے بعد میں تبدیل کر کے مسز وومن آف دی ورلڈ کر دیا گیا جبکہ بعدازاں 1988 میں اسے مسز ورلڈ کا نام دیا گیا۔