بھارتیوں کے بعد سری لنکن اداکارہ بھی نسیم شاہ کی دیوانی

Published On 15 September,2022 06:29 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بھارتی اداکاراؤں اروشی روٹیلا اور سربھی جیوتی کے بعد پاکستان کے ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سری لنکن اداکارہ یہالی تاشیا کالی داسا کو بھی اپنا دیوانی بنا لیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں نسیم شاہ نے افغان باؤلر فضل حق فاروقی کو آخری اوور میں 2 چھکے مار کر افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دیتے ہوئے پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا دیا تھا جبکہ انہیں 2 چھکوں کی وجہ سے 2 ٹیموں کو ایشیا کپ سے باہر کرنے کا بھی موقع مل گیا تھا۔

ایشیا کپ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے نسیم شاہ کے پاکستان میں تو ہزاروں مداح تھے ہی، اب ان کے دیگر ممالک سے بھی فینز سامنے آرہے ہیں جن میں سے کچھ کا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہے، یہالی تاشیا نے انسٹاگرام سٹوری پر میچ کی کچھ جھلکیاں شیئر کی ہیں جن میں نسیم شاہ موجود ہیں، اداکارہ نے ویڈیو پر تو کچھ نہ لکھا البتہ انہوں نے پسندیدگی کا اظہار ایموجیز کے ذریعے کیا۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو سٹوری کی مدت پوری ہونے کے باعث اب ان کے اکاؤنٹ پر نہیں ہے لیکن یہ سوشل میڈیا پیجز پر ضرور وائرل ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے بھی اپنے انسٹاگرام پر نسیم کی ایڈٹ شدہ ویڈیو شیئر کی تھی جو خوب وائرل ہوئی، بعدازاں اروشی کو بھی وضاحت دینا پڑی کہ ویڈیو ان کی ٹیم نے لگائی تھی اور اس میں کچھ خاص نہ تھا۔

دوسری جانب نسیم شاہ نے بھی دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں اس سب کے بارے میں علم نہیں، ان کا فوکس صرف کرکٹ پر ہے اور وہ اروشی کو نہیں جانتے۔

قبل ازیں بھارتی اداکار ہ سُربھی جیوتی بھی افغانستان کے خلاف پاکستانی باؤلر کی کارکردگی پر ان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ نے نسیم شاہ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو یقینی طور پر ہیرا مل گیا ہے۔