سدھو موسے والا کا قتل، 6 مشتبہ افراد گرفتار

Published On 30 May,2022 05:54 pm

ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار اور کانگریس رہنما سدھو موسے والا کے قتل کے حوالے سے پیشرفت سامنے آئی ہے اور 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتراکھنڈ اور پنجاب پولیس نے ایک مشترکہ چھاپے میں دہرادون میں 6 مبینہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جو مشہور گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث بتائے جاتے ہیں، ملزمان فی الحال اتراکھنڈ ایس ٹی ایف کی تحویل میں ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ ایس ٹی ایف نے 2 گاڑیاں پکڑی ہیں اور امکان ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کے غنڈے ان گاڑیوں میں ہو سکتے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق اتراکھنڈ ایس ٹی ایف اور پنجاب پولیس کی مشترکہ ٹیم نے پوچھ گچھ کے لیے ایک شخص کو بھی حراست میں لیا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کی طرف سے سکیورٹی میں کمی کے 24 گھنٹے سے بھی کم عرصے میں 29 سالہ بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کو گزشتہ روز دن کی روشنی میں مانسا میں اس کے آبائی گاؤں کے قریب گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ان پر حملہ کیا گیا تو اس وقت وہ وہ ایک مہندرا تھر ایس یو وی میں سوار تھے، حملہ آوروں کی تعداد 10 سے 12 بتائی جاتی ہے، گلوکار اور اس کے دو دوستوں پر پوائنٹ بلینک رینج پر 20 سے زیادہ راؤنڈ فائر کیے گئے۔

کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار اور لارنس بشنوئی نے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے جبکہ اس قتل نے ایک بہت بڑا سیاسی تنازع کھڑا کر دیا ہے۔