بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کا شوہر سے علیحدگی کا اعلان

Published On 14 February,2022 07:45 pm

ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارت کی معروف اور متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے شوہر رتیش سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت نے تصدیق کی کہ میں نے اور رتیش نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے، بگ باس 15 کے اختتام کے بعد کافی چیزیں ہوئیں اور میں کافی باتوں سے لاعلم بھی تھی جو میرے اختیار میں نہیں تھیں اور ہم نے اپنے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی لیکن مجھے لگتا ہے یہی بہتر ہے کہ ہم دونوں آگے بڑھیں اور دوستانہ طور پر الگ الگ اپنی زندگی بسر کریں۔

بھارتی اداکارہ کی جانب سے مزید لکھا گیا کہ اس وقت میں کافی اداس ہوں اور میرا دل ٹوٹا ہوا ہے کہ یہ ویلنٹائن ڈے سے پہلے ہونا تھا لیکن مجبوراً ہمیں فیصلہ کرنا پڑا۔

راکھی ساونت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ امید کرتی ہوں رتیش اپنی زندگی بہتر طریقے سے گزاریں گے، اس کے بعد مجھے اپنے کام اور اپنی زندگی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور خود کو خوش اور صحت مند رکھنا ہوگا۔

خیال رہے کہ اداکارہ راکھی ساونت نے پہلی مرتبہ اپنے شوہر کو بگ باس 15 میں متعارف کروایا تھا جہاں وہ رتیش کے ہمراہ وائلڈ کارڈ کے طور پر بگ باس کے گھر میں داخل ہوئی تھیں۔