برازیلین معروف گلوکارہ ماریلیا مینڈونسا طیارہ حادثے میں چل بسیں

Published On 06 November,2021 04:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) برازیل کی معروف گلوکارہ ماریلیا مینڈونسا طیارہ حادثہ میں ہلاک ہوگئیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برازیلین حکام نے 26 سالہ گلوکارہ ماریلیا کی طیارے حادثے میں موت کی تصدیق کی ہے۔ گلوکارہ کے طیارے کو حادثہ برازیل کی جنوب مشرقی ریاست میں پیش آیا جس میں دیگر 4 افراد بھی ہلاک ہوئے جس میں ماریلیا کے پروڈیوسر، قریبی عزیز اور دو کریو ممبرز شامل ہیں۔

حکام نے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جس میں حادثے کی وجوہات کا پتا لگایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریلیا نے چھوٹی عمر سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور وہ 2016 میں برازیل کی قومی اسٹار بن کر ابھریں جبکہ انہوں نے 2019 میں گریمی ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔

گلوکارہ نے اپنے طیارے کے اڑان بھرنے سے قبل ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس کے بعد ان کے طیارے نے اڑان بھری اور وہ حادثے کا شکار ہوا۔