انوشکا شرما نے بھارتی ٹیم جوائن کرلی؟شاندار کارکردگی کے سوشل میڈیا پر چرچے

Published On 02 November,2021 08:31 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کے حوالے سے میمز کا طوفان آگیا کہ انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا ہے جبکہ شاندار کارکردگی کے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے ایک خبر جاری کی گئی جس میں سوالیہ انداز اپناتے ہوئے اداکارہ انوشکا شرما کے بھارتی ویمن ٹیم کو جوائن کرنے کے بارے بتایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق کہانی کچھ یوں ہے کہ جس کھلاڑی کی جانب سے بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کو جوائن کیا گیا ہے وہ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ ہرگز نہیں ہیں بلکہ آل راؤنڈر کا نام بھی انوشکا شرما ہی ہے۔

بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا ویمن(بی سی سی آئی) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انوشکا شرما کی کارکردگی کے بارے پوسٹ شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں آل راؤنڈر انوشکا شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا اے کی جانب سے 52رنز کی اننگز کھیلی ۔

بی سی سی آئی کی جانب سے ٹوئٹ کرنا ہی تھا کہ سوشل میڈیا پر انوشکا شرما کے نام کو لیکر میمز کا طوفان آگیا اور صارفین کی جانب سے اداکارہ انوشکا شرما کے بارے دلچسپ لطیفوں کا بھی سلسلہ شروع ہوگیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کو ٹی 20ورلڈ کپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں 29سال بعد شکست دیکر تاریخ رقم کردی تھی جبکہ سورماؤں کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھی 8وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔