بھارتی سینئر اداکارہ سنیتا شرول مالی بحران کا شکار ہو گئیں

Published On 20 August,2021 05:30 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی متعدد فلموں میں کردار ادا کرنے والی معروف اور سینئر اداکارہ سنیتا شرول مالی بحران کا شکار ہوگئیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ سنیتا شرول معروف بھارتی فلم ’بجرنگی بھائی جان، ’میڈ اِن چائنہ’ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کرچکی ہیں۔

بھارتی ٹی وی شو میں 85 سالہ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 3 ماہ سے کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھیں جسکا کرایہ ادا کرنے کیلئے ان کے پاس رقم نہیں تھی اور اب وہ اپنی ایک دوست کے گھر میں رہ رہی ہیں۔

سنیتا شرول نے کہا کہ وہ عالمی وبا کے دوران گردوں کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں ان کی جمع کی گئی تمام رقم ان کی صحت پر خرچ ہوچکی ہے اور اب انہیں نہیں معلوم وہ کس طرح زندگی کی گاڑی کو دھکا دیں گی۔ ہسپتال میں دو مرتبہ گرنے سے ان کا بایاں پاؤں بھی فریکچر ہوچکا ہے جس کو حرکت میں لانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ وہ دیگر بیماریوں سے بھی نبرد آزما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ فلم انڈسٹری میں کام کرنا چاہتی ہیں کیونکہ انہیں پیسوں کی ضرورت ہے تاہم انہیں یہ نہیں معلوم کہ اب اپنے پاؤں کے سہارے کب چل پائیں گی اور اس وقت تک انہیں مالی مدد کی ضرورت ہے۔