محب وطن ہونے کی وجہ سے بھارتی فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا: ایمان علی

Published On 09 June,2021 05:27 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ اور ماڈل ایمان علی نے کہا ہے کہ ماضی میں بھارت سے کام کرنے کی متعدد بار آفرز ملیں تاہم’محب وطن‘ ہونے کی وجہ سے کام سے انکار کر دیا تھا۔

2019 میں بھارتی عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے شہادت پانے والے پاک فوج کے افسر شہید میجرعزیز بھٹی کے پوتے بابرعزیز بھٹی سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ کے مطابق وہ شروع سے ہی ’محب وطن‘ ہیں اور اسی وجہ سے ہی انہوں نے فوجی خاندان میں شادی کی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ایمان علی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں جب وہ بھارتی دورے پر گئی تھیں تو انہیں متعدد فلم سازوں نے کام کی پیشکش کی۔ فلم ساز امتیاز علی اور وشال بھردواج نے بھی کام کی پیشکش کی مگر انہوں نے پہلی بار ہی فلموں کی کہانی سنے بغیر ہی ان سے معذرت کی۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک تو’محب وطن‘ ہونے کی وجہ سے بھارتی فلم سازوں کے ساتھ کام سے انکار کیا، دوسرا مجھے معلوم تھا کہ دونوں فلمسازوں کی فلمیں بولڈ ہوتی ہیں، اس لیے کام سے معذرت کی۔ پاکستان کی بھی متعدد سپر ہٹ فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا، کیوں کہ انہیں تمام فلموں میں ہیروئن کے کردار پسند نہیں آئے۔

ایمان علی نے بتایا کہ انہیں ’جوانی پھر نہیں آنی، نامعلوم افراد، پنجاب نہیں جاؤں گی، کراچی سے لاہور اور آزادی‘ سمیت دیگر فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے انکار کردیا۔ ایک تو وہ ہر کسی کے ساتھ فلم میں کام نہیں کرتیں، وہ اس فلم میں ہی کام کرتی ہیں جس کی ہدایات ان کے دوست دے رہے ہیں یا پھر اس کی کہانی ان کے کسی دوست نے لکھی ہو۔چوںکہ ’نامعلوم افراد اور جوانی پھر نہیں آنی‘ کے مرکزی کردار مرد حضرات کے تھے، اس لیے انہوں نے ان میں کام سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب نہیں جاؤں گی میں بھی ہیروئن کے کردار کے ساتھ لکھاری نے ناانصافی کی، اس لیے انہوں نے مذکورہ فلم میں بھی کام نہیں کیا۔ بابر عزیز بھٹی سے شادی سے قبل ہی ان کے درمیان تعلقات استوار ہوگئے تھے۔ شادی کے بعد زندگی بہتر اور اچھی بن گئی ہے اور اب وہ ہر وقت انجوائے کرتی ہوں۔

سوشل میڈیا کم استعمال کرنے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ایمان علی نے بتایا کہ دراصل انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ خوبصورت نہیں ہیں اور ان کا چہرہ ہر وقت سیلفی نکالنے جیسا نہیں۔جب بھی سیلفی نکالنے کی کوشش کرتی ہوں تب محسوس ہوتا ہے کہ میری شکل کسی ’مخنث‘ شخص جیسی ہے، اس لیے وہ سیلفی نہیں نکالتی۔