لوگ عمر نہیں چھپا سکتے:بشریٰ انصاری کی کورونا ویکسین لگانے کے بعد دلچسپ ویڈیو وائرل

Published On 17 March,2021 05:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی سینئر اور معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کورونا ویکسین لگانے پہنچیں تو دلچسپ انداز میں تبصرے کیے اور کہا کہ لوگ اب مزید نہیں چھپا سکیں گے کہ وہ 60 سال کے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری کرونا وائرس ویکسین لگوانے پہنچیں اور اس موقع کی ویڈیو انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہیں ویکسین لگائی جارہی ہے۔ اس دوران وہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ میں یہ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ ویکسین ہم سب کے لیے بے حد ضروری ہے۔

بشریٰ دلچسپ انداز میں کہتی ہیں کہ آج سے پہلے سینیئر سٹیزن ہونے کا اتنا مزہ کبھی نہیں آیا جتنا اب آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جو لوگ مان نہیں رہے تھے کہ وہ 60 سال کے ہوگئے انہیں اب ماننا پڑے گا، لوگ اب دوڑ دوڑ کر مان رہے ہیں کہ تاکہ ویکسین لگوائی جاسکے۔

ویکسین لگانے کے بعد انہوں نے ڈاکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔