اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین سے سائنوفارم ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی، کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں وئیرہاؤس منتقل کر دی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ سائینوفارم سے پاکستان نے کورونا ویکسین کی پہلی خریداری کی ہے، سائینوفارم پاکستان کو کورونا ویکسین مرحلہ وار فراہم کرے گی، چین کی تیار کردہ ویکسین فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں پہلے ہی 60 سال سے زائد افراد کو ویکسین دینے کا عمل جاری ہے۔ دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں ویکسی نیشن کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 7 سو 49 افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں گزشتہ روز سب سے زیادہ 41 ہزار ویکسین لگوائی گئیں، ویکسینیشن میں روزانہ کی بنیاد پر سب سے زائد شرح تھی۔