ترک اداکارہ ’حلیمہ سلطان‘ آزاد کشمیر کی خوبصورتی کی دلدادہ، دورہ کی خواہشمند

Last Updated On 22 June,2020 05:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسریٰ بلجک نے پاکستانی میگزین کے لیے فوٹو شوٹ کروایا تھا جسے بہت سراہا گیا تھا۔ اسی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے متعلق جاننے میں بہت زیادہ دلچسپی ہے اور وہ اپنی دستاویزی فلم کے لیے دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈرامہ’’ارطغرل غازی‘‘ ، جسے ترک گیمز آف تھرونز بھی کہا جاتا ہے، میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی اداکارہ اسریٰ بلجک نے پاکستانی میگزین کے لیے فوٹوشوٹ کروایا اور انٹرویو دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ اسریٰ بلجک نہ صرف ترکی کی معروف اداکارہ ہیں بلکہ قانون کی تعلیم حاصل کررہی ہیں ۔ وہ ایک دستاویزی فلم بنانے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں اور اپنی فلم کے حوالے سے وہ پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہشمند ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی میگزین کیلئے ’حلیمہ سلطان‘ کی تصویر وائرل

پاکستانی میگزین کو دئیے گئے انٹرویو میں اسریٰ بلجک کا کہنا تھا کہ انہوں نے فطرت کے حوالے سے دستاویزی پراجیکٹ لکھا ہے کہ کس طرح فطرت ہر طرح کے حالاتوں میں ہمیں ردعمل دیتی ہے۔

انہوں نے اپنے پراجیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تباہ شدہ زرعی علاقوں، شہری علاقوں کے باعث برباد ہونے والے جنگلات اور جانوروں کی رہائشگاہ جو مختصر وقت میں اپنی سابقہ زرخیز ریاستوں میں واپس آسکتے ہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم قدرت کو کتنا نقصان پہنچاتے ہیں لیکن ہر بار جب بھی ہم قدرت کے پاس جاتے ہیں تو قدرت ہمیں گلے لگاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ کی ہیروئن حلیمہ سلطان کون ہیں؟

اسریٰ بلجک نے مزید بتایا کہ میں ان گاؤں اور پہاڑی علاقوں میں جانا چاہتی ہوں جن کو قدرتی وسائل اور مالی مسائل کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔ میں مقامی افراد کی مدد کرنا چاہتی، ان کی مشکلات سننا، ان کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں اور دنیا بھر کو ان کی مشکلات سے آگاہ کرنا چاہتی ہوں۔

ترک اداکارہ کا کہنا تھا کہ قرنطینہ کے دوران اپنی ٹیم کے ہمراہ ہم نے کچھ جگہوں کی نشاندہی کی ہے، میں اپنی تمام تیاری مکمل کرنا چاہتی ہوں اور فوٹوگرافی کی کچھ کلاسز کے بعد ڈاکیومنٹری پر اپنا کام شروع کروں گی۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخی ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کی ’حلیمہ سلطان‘ پاکستان آنے کی خواہشمند

اسریٰ بلجک نے بتایا کہ اپنے پراجیکٹ کے لیے پاکستان آنے کی خواہشمند ہوں، امید ہے اس دستاویزی منصوبے کے ایک حصے کے طور پر میرا پہلا دورہ پاکستان کا ہوگا۔ میں جغرافیائی نقشے، پودوں اور غیر ملکی مقامات کی تصاویر بنانا چاہتی ہوں۔ مجھے بابوسر کاغان وادی کے پہاڑی علاقوں سے محبت ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی لیپا وادی اور گلگت بلتستان کے دیوسائی علاقے میں کیمپ کا منصوبہ بھی ہے۔

اداکارہ حلیمہ سلطان نے کشمیر سے اپنی دلچسپی بتاتے ہوئے کہا کہ خطہ کشمیر ان جگہوں میں سے ایک ہے جس کے بارے میں جاننے میں مجھے بہت زیادہ دلچسپی ہے اور میں اپنے ڈاکومنٹری پراجیکٹ کے لیے کشمیر کے کچھ مقامات کا سفر کرنا اور انہیں جاننا چاہتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: حلیمہ سلطان نے پاکستان کو خوبصورت ملک قرار دیدیا

انٹرویو کے آخر میں اسریٰ بلجک نے ڈراماسیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کو پاکستانیوں سے ملنے والی محبت کے بارے میں کہا کہ پاکستانیوں کی محبت کا شکریہ ادا نہیں کرسکتی۔ حلیمہ سلطان کا کردار مجھے انعام کی طرح ملا ہے۔