برطانوی راک بینڈ کا امجد صابری کو خراج تحسین

Last Updated On 03 December,2019 10:58 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) برطانوی راک بینڈ کولڈ پلے نے امجد صابری کے مشہور صوفیانہ کلام کو انہی کی آواز میں اپنی نئے آنے والے البم میں شامل کرکے خراج تحسین پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے مشہور راک بینڈ ’کولڈ پلے‘ایک نئے والی البم ایوری ڈے لائف پر کام کر رہے ہیں جسے آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا۔ اس البم کی خاص بات اس میں معروف قوال امجد صابری کا پڑھا ہوا صوفیانہ کلام شامل ہونا ہے۔

بینڈ سے تعلق رکھنے والے گلوکار کرس مارٹن کا کہنا تھا کہ البم کے گانے میں دو اور گلوکاروں کی آوازیں بھی شامل ہیں جن میں سے ایک پاکستانی قوال امجد صابری ہیں، جنہیں بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا۔

گلوکار کرس مارٹن کا مزید کہنا تھا کہ امجد صابری کے مشہور کلام ’جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے‘ سے بہت متاثر ہوں اور تھیم کو اپنے البم کے ایک گانے ’ فِل تھرو دا اسکائی‘ میں بھی شامل کیا ہے۔ 

موسیقار خانوادے سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کے مداح دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں، ان کی قوالیاں زبان زد عام ہیں اور کئی عالمی شہرت یافتہ گلوکار و موسیقار اس گھرانے کے نیاز مند ہیں۔ امجد صابری کو 22 جون 2016ء میں گولیاں مار کر شہید کردیا گیا تھا۔