ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اداکار علی رحمن کا وضاحتی پیغام سامنے آ گیا

Last Updated On 23 November,2019 07:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ’’پرچی‘‘اور’’جاناں‘‘جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار علی رحمن خان کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے ملازم کیساتھ بدتمیزی کر رہے ہیں۔ تاہم اس ویڈیو کا مقصد عوام میں آگاہی پھیلانا ہے۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد علی رحمن وضاحت دینے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آئے اور ویڈیو میں پیغام دیا کہ آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں والی ویڈیو ہم نے خود اپ لوڈ کی اور اس کا مقصد اسے وائرل کرنا تھا جو ہوگئی۔ اس ویڈیو کے بعد پاکستان بھر میں شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ان کی اس حرکت پر اظہار ناراضگی کیا۔ 

 

ویڈیو پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ جانتے میں کون ہوں کی ویڈیو پھیلانے کا مقصد عوام میں آگاہی پھیلانا تھا۔ یہ ویڈیو ہمارے وی آئی پی کلچر کیخلاف تھی۔ بس اسی پر میں آواز اٹھانا چاہ رہا تھا۔

 شوبز انڈسٹری میں اداکار علی رحمن کا نام نیا نہیں، اداکار کئی کامیاب فلموں اور ڈراموں میں کامیاب کردار ادا کر چکے ہیں جبکہ اداکارہ حریم فاروق کے ساتھ جوڑی کو بیحد پسند کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل انکی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ نجی ریسٹورنٹ کے ملازم پر نہ صرف چلارہے ہیں بلکہ رعب جھاڑتے ہوئے بے عزتی بھی کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹر ٹویٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علی رحمن ملازم پر چلاتے ہوئے کہہ رہے ہیں آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں، آپ نے مجھے کبھی ٹی وی پر دیکھا ہے؟ آپ یہاں ملازم ہیں اورآپ کا کام ہے میری بات ماننا۔

دوسری طرف ریسٹورنٹ کا ملازم علی رحمن کی بدتمیزیوں کو برداشت کرتے ہوئے نہایت تحمل سے ان سے بات کررہا ہے اور کہہ رہاہے کہ سر آپ ناراض نہ ہوں آپ ٹھیک ہیں لیکن علی رحمان پھر بھی مسلسل اس شخص پر چلارہے ہیں۔ تاہم جیسے ہی اداکار علی رحمن کو اس بات کا احساس ہوا کہ کوئی ان کی ویڈیو بنارہاہے ویسے ہی وہ خاموش ہوگئے۔

علی رحمن کی اس حرکت پر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں ہیں ایک صارف نے لکھا انہیں ٹیلنٹ سے عاری علی رحمن کبھی پسند نہیں تھے لیکن اس ویڈیو میں ان کا ملازم کے ساتھ رویہ بہت خراب ہے۔ گھر میں تو کوئی آپ کو دوسری روٹی بھی نہیں پوچھتا ہوگا یہاں بول رہے ہو مجھے ٹی وی پر دیکھا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں اس کا مطلب کیا ہے؟ علی رحمن کو ایک برگر یا پزا خریدنے کے لیے اتنا شو آف کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیوں ہم پاکستانی عاجزی نہیں دکھاسکتے۔