کشمیریوں پر ظلم، گلوکارہ رابی پیرزادہ کی مودی کو ’وارننگ‘

Last Updated On 23 October,2019 05:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی گلوکارہ رابی پیر زادہ جو حالیہ عرصے کے دوران کشمیریوں کی آواز اٹھانے کے لیے متحرک ہیں اور مختلف طریقے سے کشمیریوں بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی نظر آ رہی ہیں، گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے بھی کشمیریوں بہن بھائیوں کیساتھ یکجہتی کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ ویڈیو میں رابی پیر زادہ مگر مچھ اور خطرناک اژدھے اُٹھائے ہوئے ہیں اور بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو دھمکی لگا رہی ہیں۔

دنیا نیوز کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکارہ رابی پیر زادہ کافی جوشیلے انداز میں بھارتی وزیراعظم کو دھمکی لگا رہی ہیں، اس ویڈیوز کے بعد انہیں عدالتی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ایک بار پھر انہوں نے خطرناک طریقہ اپناتے ہوئے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کو جان سے مارنے کی خواہشمند ہوں۔

  گلوکارہ رابی پیر زادہ جو انسٹا گرام اور ٹویٹر پر کافی متحرک ہیں اور آئے روز نت نئی پوسٹوں سے اپنے مداحوں کو گاہے بگاہے اپنی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتی رہتی ہیں، اب انہوں نے گلوکارہ رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام کے اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کی ہے جس میں اپنے جسم پر بم باندھے ہوئے نظرآرہی ہیں۔ رابی پیرزادہ نے تصویر کے ساتھ خواہش کا اظہار کیا کہ وہ ہٹلر مودی پر کشمیریوں پر ظلم کرنے کے لیے خودکش حملہ کرنا چاہتی ہیں۔

رابی پیرزادہ کی جانب سے تصویر شیئر کیے جانے پر بھارتی میڈیا میں یہ تصویر وائرل ہو گئی، بعد ازاں رابی پیرزادہ نے یہ تصویر اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہٹادی، تاہم انہوں نے یہ تصویر ہٹانے کی وجہ نہیں بتائی۔