مہوش حیات برطانوی شاہی جوڑے سے ملاقات پر مسرور

Last Updated On 17 October,2019 03:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) صدارتی ایوارڈ جیتنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ برطانوی شاہی مہمان کا دورہ دنیا بھر کو پاکستان کی اصل مثبت پہچان کرائے گا۔

سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ انسٹا گرام پر برطانوی شاہی جوڑے کے ساتھ ملاقات کے بعد تاثرات شیئر کرتے ہوئے انہوں نے ایک تصویر بھی جاری کی ، اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستانی اداکارہ مہمان کیساتھ بات چیت میں مصروف ہیں۔

بات چیت کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے سے ملاقات کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی، وہ حقیقی زندگی کے شہزادے ہیں اور ان کی آمد پر کافی پر جوش ہوں۔

یاد رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ دورے پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی اور کئی جگہوں کا دورہ بھی کیا۔ تاہم گزشتہ روز یہ جوڑا قومی یادگار پہنچا جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں اور 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوں گے جبکہ گزشتہ 10 سال میں کسی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔