ودیا بالن اداکاری کے بعد فلم ساز بننے کیلئے تیار

Last Updated On 28 July,2019 10:25 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ودیا بالن فلم ساز بننے کیلئے تیار ہیں۔ اپنی شارٹ فلم ’نٹ کھٹ‘ لا رہی ہیں جس میں خود بھی اداکاری کے جلوے بکھیرتے نظر آئینگی۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سیف علی خان کیساتھ فلم ’پرینیتا‘ سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ کو شاندار خدمات پر قومی ایوارڈ کے ساتھ کئی دیگرایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔

تامل فلموں سے کیریئر کا آغاز کرنے والی ودیا بالن کا کہناہے کہ ’نٹ کھٹ‘ میں جنسی عدم مساوات، ریپ، گھریلو تشدد، پدر شاہی یعنی لڑکوں کو لڑکیوں پر ترجیح دینے اور خواتین کو اصل شناخت کے بجائے رشتوں کی بنیاد پر پہچاننے اور ان کیلئے تمام حدود کو توڑنے کو پیش کیا گیا ہے۔

40 سالہ داکارہ نے اپنی شارٹ فلم نٹ کھٹ کی کہانی کے بارے میں بتایا کہ یہ بہت خوبصورت اور مضبوط کہانی ہے جس نے ایک طرح سے مجھ سے کہا کہ اداکاری بھی کروں اور فلم ساز بھی بنوں۔

پروڈیوسر رونی سکریو والا ہیں کا کہنا ہے کہ جب میں نے نٹ کھٹ کا سکرپٹ دیکھا تو فوراً ہی مجھے خیال آیا کہ فلم بننی چاہیے۔ فلم میں بہت سارے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے اور بہت سے اہم پیغام بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ ودیا بالن سے قبل معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا بھی فلمساز بن چکی ہیں اور متعدد فلمیں آ چکی ہیں، تازہ فلم دی سکائی از پنک جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے۔