علی ظفر کیخلاف الزام میں کوئی صداقت نہیں: مزید گواہوں کا عدالت میں بیان

Last Updated On 31 May,2019 12:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اداکار علی ظفر کے مزید گواہوں نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ میشا شفیع کو جنسی ہراساں کیا گیا. گواہوں نے واضح کیا کہ علی ظفر کیخلاف الزام میں کوئی صداقت نہیں۔

دنیا نیوز کے مطابق میشا شفیع کیخلاف ہتک عزت کی سماعت دوسرے روز بھی جاری رہی، ایڈیشنل سیشن جج لاہور امجد علی شاہ نے درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چار مزید گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرائے اور وکلا نے ان پر جرح مکمل کی۔

یہ بھی پڑھیں: ہراسگی کیس: گواہوں نے میشا شفیع کے الزامات کو مسترد کر دیا

کیس کی سماعت کے دوران تمام گواہوں نے میشا شفیع کے الزام کو رد کیا اور بتایا کہ جہاں میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا وہاں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، گواہوں کے مطابق ریہرسل کے درمیان ویڈیو بھی بن رہی تھی۔ دونوں گانے کے دوران چار سے پانچ فٹ دور کھڑے تھے۔

گواہوں نے دعویٰ کیا کہ کہ انہیں میشا شفیع کے الزامات کا اچھی طرح علم ہے ان میں کوئی صداقت نہیں ہے. علی ظفر نے جنسی ہراساں کرنے کے الزام پر میشا شفیع کیخلاف دعویٰ دائر کیا ہے. علی ظفر کے چوبیس گواہوں میں سے اب تک دس گواہوں کے بیانات مکمل ہو گئے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے علی ظفر کے دعویٰ پر کارروائی ملتوی کر دی اور علی ظفر کے مینجر کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا. ہتک عزت کے دعوی پر مزید کارروائی 11 جون کو ہو گی۔