نصیرالدین شاہ نے کہے گئے الفاظ واپس لینے سے انکار کردیا

Last Updated On 28 December,2018 11:07 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارت میں جاری اپنے خلاف تنقید پر کہا جو کچھ کہا تھا اس پر با لکل بھی افسوس نہیں ہے۔ انھوں نے بھارت میں انسان کی بجائے گائے کی جان کی زیادہ اہمیت ہونے سے متعلق بیان دیا تھا۔

بھارتی معاشرے پر کڑی مگر حقیقت پر مبنی تنقید کرنے پر نصیر الدین شاہ کو غدار کہا جا رہا ہے اس بارے میں جب ان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا میں اپنے کہے گئے الفاظ واپس نہیں لوں گا۔ بھارتی میڈیاکو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے غدار کہنے کے علاوہ اور بھی بہت سی چیزیں ہیں جو مجھ سے منسوب کی گئیں۔

واضح رہے انہوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ بھارت میں انتہا پسندی کا زہر پھیل چکا ہے جسے اب قابو کرنا مشکل ہے، یہاں گائے کے کاٹنے پر تو ایکشن ہو تا ہے مگر ایک انسان قتل کردیا جائے تو کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا جسکے بعد سے انتہا پسند ہندو جماعتوں نے ان کو غدار قرار دیتے ہوئے دھمکانا شروع کردیا تھا۔ حتی کہ انھیں بھارت چھوڑ کر پاکستان جانے کا بھی دھمکی آمیز مشورہ دیا گیا۔