لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے اپنی 96 ویں سالگرہ منائی‌

Last Updated On 12 December,2018 10:46 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاکھوں دلوں پرراج کرنے والے لیجنڈری اداکاردلیپ کمار نے اپنی 96 ویں‌سالگرہ منائی. انھیں مخصوص انداز تخاطب کے باعث شہنشاہ جذبات پکارا جاتا ہے۔ ان کے یادگار کردار آج بھی پرستاروں کے دلوں پر نقش ہیں۔

پشاورکے محلہ خداداد کی گلیوں میں آج بھی دلیپ کمارکو یوسف خان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ یہ پانچ مرلہ مکان کوئی عام عمارت نہیں بلکہ برصغیر کے نامور ستارے دلیپ کمار کا آبائی گھر ہے۔ 2012 میں صوبائی حکومت نے اس مکان کو قومی ورثہ قرار دیا، جولائی 2014 میں پاکستانی حکومت نے لیجنڈ اداکار کے مقام پیدائش کو میوزیم بنانے کا اعلان کیا لیکن صرف یہ دعوی صرف اعلان تک ہی محدود رہا۔

خیبر پختونخوا حکومت نے جولائی 2014میں انٹی کویٹی ایکٹ کے تحت مکان تحویل میں لینے کا اعلامیہ جاری کیا،ورثہ قراردی گئی یہ عمارت توجہ نہ دینے کے باعث لگ بھگ منہدم ہونے کے قریب ہوچکی ہے، مداح بھی افسردہ ہیں کہ حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی۔

بالی وڈ ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار گیارہ دسمبر 1922 کو پشاور کے قدیمی محلہ خداداد میں پیدا ہوئے اور ان کا بچپن اسی شہر کی گلیوں میں گزرا، دلیپ کمار آج اپنی 96ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔