تنوشری دتہ کا نانا پاٹیکر کے بعد بالی ووڈ ہدایت کار پر بھی ہراسانی کا الزام

Last Updated On 28 September,2018 04:53 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے ایک بھارتی ویب سائیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ فلم ’’چاکلیٹ، ڈیپ ڈارک سیکریٹس‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ہدایت کار ویویک اگنی ہوتری نے مجھے مختصر کپڑے پہن کر رقص کرنے کے لیے کہا۔

بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر کے بعد بالی ووڈ کے ہدایت کار ویویک اگنی ہوتری پر بھی ہراسانی کا الزام لگادیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ ہدایت کار نے مجھے ہراساں کرنے کے علاوہ میرے ساتھ بدسلوکی کی جب کہ اس ڈانس میں میرا کوئی سین نہیں تھا، ہدایت کار کے اس رویے پر میں دنگ رہ گئی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے وقت سیٹ پر موجود اداکار عرفان خان اور سنیل شیٹھی فوراً میری حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے، عرفان خان نے ہدایت کار سے کہا آپ کیا کہہ رہے ہیں شوٹنگ میں اداکارہ کی کوئی ضرورت نہیں اور مجھے معلوم ہے اداکاری کیسے کرنی ہے مجھے اداکاری کرنی آتی ہے۔ میں عرفان خان کے اس عمل کو سراہتی ہوں کیونکہ انہوں نے ہدایت کار کے سامنے میرے لیے آواز اٹھائی۔

واضح رہے کہ تنوشری دتہ نے گزشتہ روز نانا پاٹیکر پر الزامات عائد کیے تھے کہ انہوں نے 10 سال قبل فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کےپہلے روز سے ہی نازیبا حرکتیں شروع کردی تھیں اور انہیں کئی بار جنسی طور ہر ہراساں کرنے کی کوشش کی جس کے بعد انہوں نے وہ فلم چھوڑ دی تھی۔