خانپور: کچے کے ڈاکوؤں کا حملہ، 2 بچوں سمیت 4 افراد قتل، 2 ڈاکو ہلاک

Published On 13 January,2025 01:18 am

خانپور: (دنیا نیوز) کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ کرکے 2 بچوں سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ خانپور کے علاقے ججہ عباسیہ کی بستی لاشاری میں کیا، کچے کے اندھڑ گینگ نے پولیس کے مبینہ جانثار عثمان چانڈیو کے گھر پر حملہ کرکے 2بچوں سمیت 4 افراد کو قتل کیا، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ حملہ انڈھڑ گینگ نے عثمان چانڈیہ کے گھر میں موجود قریبی عزیزوں پر کیا ہے، عثمان چانڈیہ نے پولیس کا مخبر بن کر کچے میں اندھڑ گینگ سے دوستی کے بعد جانو اندھڑ سمیت کئی ساتھیوں کو قتل کیا تھا۔

پولیس نے بستی میں حملہ کرکے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو پکڑنے کیلئے کارروائی شروع کر دی، ضلع بھر سے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں طلب کر لی گئی۔

پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کرتے ہوئے 2 ڈاکوؤں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا۔