فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے چلڈرن ہسپتال میں کروڑوں روپے کی کرپشن بے نقاب ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا سٹاف آفیسر ٹھیکیداروں سے کروڑوں روپے لے کر فرار ہوگیا ۔
ذرائع کے مطابق ملزم عرفان کاہلوں نے ہسپتال میں سامان کی خریداری کیلئے سرمایہ کاری کے نام پر دو کروڑ سے زائد رقم اکٹھی کی، ٹھیکیداروں کو رقم کی واپسی پر 15 فیصد منافع کا لالچ دیا گیا، ملزم نے ادائیگیوں کی مد میں ذاتی اکاؤنٹ کے بوگس چیک دیئے۔
ذرائع کابتانا ہے کہ لین دین کے دوران ایم ایس آفس کا سرکاری نمبر، مہر بھی استعمال ہوتی رہی، فراڈ کرنے کے بعد ملزم نوکری چھوڑ کر فرار ہوگیا اور تمام رابطے بھی منقطع کر دیئے ، معاملے کی انکوائری کیلئے ایسوسی ایٹ پروفیسر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
اس حوالے سے ایم ایس ڈاکٹر ثاقب منیر کا مؤقف ہے کہ ملزم نے ذاتی حیثیت میں ہسپتال کے نام پر رقم وصول کی ہے، انکوائری کمیٹی متاثرہ افراد کے بیانات ریکارڈ کررہی ہے، ملزم کو معطل کردیا گیا ہے اور مختلف ذرائع سے تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
محکمہ صحت نے ملزم عرفان احمد کاہلوں کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔