کچے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے ہارڈ ایریا الائنس کی منظوری

Published On 24 September,2024 09:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب نے کچے کے علاقوں میں چوکیوں پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کے ہارڈ ایریا الائنس کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی بار کچے کے علاقوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کے لیے خصوصی الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی کو 25 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاؤنس ملے گا، جبکہ ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل کو 20 ہزار روپے ماہانہ ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔

اسی طرح کچے کے علاقے میں خدمات انجام دینے والے درجہ چہارم کے پولیس ملازمین کو ہر ماہ 18 ہزار روپے ہارڈ شپ الاؤنس کی مد میں دیے جائیں گے۔

رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں تعینات 943 اور راجن پور کے 414 پولیس افسران و اہلکار ہارڈ ایریا الاؤنس سے مستفید ہوں گے،اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 33 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔