کراچی: (دنیا نیوز) کسٹمز نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
کسٹمز حکام کے مطابق منشیات کی سمگلنگ انٹرنیشنل میل آفس کے ذریعے کی جا رہی تھی، خفیہ اطلاع پر بینکاک سے آنے والے پارسل کی جانچ کی گئی جس میں سے 5 سو گرام منشیات ماریجوانا (کینابیس) برآمد ہوئی۔
منشیات بینکاک سے بک کی گئی تازہ تھائی ادرک کے پارسل میں چھپائی گئی تھی، پارسل کراچی میں گلستان جوہر کے پتے پر بھیجا گیا تھا۔
کسٹمز حکام کے مطابق برآمد کی گئی منشیات کی مالیت 22 لاکھ 50 ہزار روپے ہے، ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
کارروائی کلکٹر کسٹمز عدیم خان کے حکم پر اے ڈی سی محمد فیصل خان اور اے سی شرجیل عباس وسان کی سربراہی میں کی گئی۔