لاہور: (دنیا نیوز) سندر پولیس نے کارروائی کر کے جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے بن کر لوگوں کوایف آئی اے میں بھرتی کرانے کا جھانسہ دے کر پیسے لیتا تھا، پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور ریکارڈ چیک کرنے پر پتا چلا کہ ملزم محمد جاوید ڈپٹی ڈائریکٹر نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق قصور کے رہائشی ملزم محمد جاوید نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے علاقے میں بھی اپنا تعارف بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراتا تھا اور اب تک شہریوں سے کروڑوں روپے بٹور چکا ہے، ملزم کے خلاف ٹاؤن شپ اور نواں کوٹ کے علاوہ اوکاڑہ، سرگودھا اور چونیاں میں کروڑوں روپے بٹورنے کی ایف آئی آرز درج ہیں جن میں ملزم عرصہ دراز سے اشتہاری ہے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔