کراچی: پولیس مقابلے، 2 ڈاکو گرفتار، مزاحمت پر فائرنگ، 2 زخمی

Published On 17 May,2024 05:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جبکہ دو فرار ہو گئے، ڈکیتی مزاحمت پر 2 شہریوں کو بھی گولیاں مار دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ایف بی ایریا بلاک 15 غوثیہ مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، لانڈھی نمبر 6 گوشت مارکیٹ کے قریب بھی ڈاکوؤں نے نوجوان کو ڈکیتی مزاحمت پر زخمی کر دیا۔

ادھر کراچی کے علاقے سعید آباد خورشید پورا قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ دو ساتھی فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ملزم کو تھانے منتقل کر کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب کراچی پولیس نے کارروائی کر کے 3 برس قبل شہری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والا ملزم حراست میں لے لیا، ملزم نے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہری کو جان سے مارا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔