اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ پر افسران میں تشویش، لاہور کے داخلی و خارجی راستے سیل

Published On 02 May,2024 06:34 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد پولیس افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

گزشتہ روز لاہور میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا، فائرنگ کا افسوسناک واقعہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے ٹیکسالی میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دکان پر کھڑے پولیس اہلکار کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، فائرنگ کے بعد ملزمان بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

فائرنگ کے بعد کانسٹیبل کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول اہلکار کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزموں کی تلاش شروع کر دی، آئی جی پنجاب نے پولیس اہلکار کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری طور پر گرفتاری کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، اعلیٰ حکام کی ہدایت پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا، شہر بھر میں فوری ناکہ جات لگانے کی ہدایت بھی جاری کر دی اور شہر میں جنرل ہولڈ اپ لگا دیا گیا، سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ پہننے اور گھر جاتے ہوئے اسلحہ ساتھ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔