لاہور : (دنیانیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف ائی اے) لاہور سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث خاتون کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمہ طاہرہ صداقت اور صداقت حسین نے 2018 سے 2021 کے دوران کراچی میں جعلی کمپنیاں بنائیں، کمپنی کا عملہ لوگوں کو جعلی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتا تھا۔
حکام نے بتایا ہے کہ پانچ ہزار سے زائد متاثرین سے 623 ملین روپے بٹورے گئے، شہریوں کو سرمایہ کاری 18 ماہ میں دگنی ہو نے کا لالچ دیا گیا، ٹھٹھہ سندھ، سمبڑیال اور بورے والا میں جعلی بکری فارم بنائے گئے، منافع سرمایہ کاروں کو روزانہ اور معاہدے کی پختگی پر دیا جانا تھا۔
حکام کے مطابق کمپنی کے کھاتوں میں وصول ہونے والی رقم ملزمان نےآپس میں تقسیم کرلی، ملزمان نے بکری فارمنگ کی جعلی کمپنیوں کے عوض بڑی رقم بٹوری، ملزمان نے متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک میں کمپنیاں قائم کرکے منی لانڈرنگ کی اور لوٹی گئی رقم پاکستان سے باہر حوالہ ہنڈی کے ذریعے بھیجی گئی۔
ایف آئی اے کی جانب سے خاتون کیخلاف کارروائی کا آغازکردیا گیا۔