کراچی :رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خور گروہ کا سرغنہ گرفتار

Published On 17 March,2024 09:16 am

کراچی:(دنیا نیوز) رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی میں بھتہ خور گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا گیا۔

رینجرز اورپولیس کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی ڈیفنس بدر کمرشل ایریا میں کی اور بھتہ خور گروہ کا سرغنہ عارف علی گرفتار کرلیا،ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا وہ کھوکھر بھتہ خور گینگ کا سرغنہ ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے کلفٹن کے ایک تاجر کو بھتہ کی کال کر کے 20 لاکھ روپے طلب کیے تھے، بھتہ کی رقم نہ دینے پر ملزم کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔

رینجرز ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم واردات کے لیے چوری شدہ سم اور موبائل فون کا استعمال کرتا اور بھتہ کی کال کے بعد موبائل بند کر دیتا تھا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا ملزم نے اس سے پہلے بھی دو افراد سے 10 لاکھ روپے بھتے کی رقم وصول کرنے کا انکشاف کیا ہے،ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔