کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ملزم نے اپنی اہلیہ اور تین بچوں کو قتل کر کے خود کشی کر لی۔
واقعہ شاہراہ فیصل پر فلک ناز اپارٹمنٹ میں پیش آیا جہاں سے پولیس کو 5 لاشیں ملی ہیں، ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی مستوئی بھی اطلاع ملتے ہی فوری موقع پر پہنچ گئے۔
ایس ایس پی کے مطابق احسن رضا رضوی نامی شخص نے اپنی بیوی ندا رضوی اور تین بچوں جبرائیل، میکائیل اور بچی ام ہانی کو قتل کر کے خودکشی کی ہے۔
خودکشی کرنے والا احسن رضا گارمنٹس کا کاروبار کرتا تھا، 3، 4 ماہ قبل متوفی کو کاروبار میں نقصان ہوا تھا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 3 سے 7 سال کے درمیان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 6 ملزمان گرفتار
ملزم نے خود کشی سے پہلے ڈائری پر گھر والوں کے ایک نوٹ بھی چھوڑا، نوٹ انگریزی زبان میں تحریر کیا گیا ہے، ملزم نے اپنے لیپ ٹاپ میں محفوظ فائل کھولنے کی وصیت کی۔
نوٹ میں کہا گیا ہے کہ میں سید احسن رضا رضوی خود کشی اور بیوی بچوں کا قتل کر رہا ہوں، لیپ ٹاپ کے ڈیسک ٹاپ پر ورڈ کی فائل ضرور دیکھ لینا، ورڈ کی فائل میں میں نے سب ٹوٹل کر دیا ہے۔
ملزم کی جانب سے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ میرے بچے اور ندا شہید ہیں، انہیں پتہ بھی نہیں تھا کہ میں ایسا کچھ کرنے والا ہوں، سوری سمیع میرے پاس کوئی اور آسان راستہ نہیں تھا۔
ایس ایچ او کے مطابق احسن رضا نے اپنی بیوی اور بچوں کو سر پر گولیاں مار کر قتل کیا ہے، گھر کے اندر سے پستول بھی ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شورکوٹ : گھریلو ناچاقی پرمبینہ طور پر خاوند کے ہاتھوں بیوی قتل
ابتدائی طور پر پولیس نے واقعے کو تیز دھار آلے سے قتل کا واقعہ قرار دیا تھا، شواہد جمع کرتے ہوئے گولیوں سے مارے جانے کی تصدیق ہوئی، فرانزک اور کرائم سین کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
ملزم کے پڑوسی نے بتایا کہ احسن رضا مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے پریشان تھا، پڑوسی متوفی اپنی والدہ کے دئیے ہوئے گھر میں رہ رہا تھا۔
بلڈنگ یونین کے صدر خالد گجر نے بتایا کہ ملزم کے گھر کا کرایہ متوفیہ ندا کی والدہ ادا کر رہی تھیں، متوفی کے بچے 3، 4 دن سے سکول بھی نہیں جا رہے تھے۔
خالد گجر نے بتایا کہ احسن رضا 6 ماہ قبل ہی اس اپارٹمنٹ میں منتقل ہوا تھا، ملزم معاشی پریشانیوں سے تنگ تھا، بیروزگاری اور مالی تنگدستی کی وجہ سے احسن رضا نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔