لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈاکوؤں نے 2 شہریوں کو سر راہ لوٹ لیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔
ڈکیتی کی واردات لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیر غازی روڈ پر پیش آئی جہاں موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے گلی سے گزرتے ہوئے 2 شہریوں سے اسلحہ کی نوک پر پاکستانی اور سعودی کرنسی چھین لی۔
ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں ڈاکوؤں کو لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔