راولپنڈی : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقے مندرہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مندرہ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں اور پولیس پارٹی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
مندرہ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکؤوں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ، فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوۓ فرار ہو گئے، گرفتار ڈاکو کےقبضہ سےکچھ دیر قبل شہریوں سے چھینے گئے موبائل اور اسلحہ برآمد۔ گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت محمد اکرام کےنام سےہوئی، pic.twitter.com/NSCY6mDaxn
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) July 19, 2023
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے ملزم کی شناخت اکرام کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان دو جگہ واردات کے بعد ایک اور واردات کرنے کی کوشش میں تھے کہ پولیس نے تعاقب کر کے رکنے کا اشارہ کیا، پولیس کے روکنے پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، فرار ہونے والے ڈاکؤوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب رات گئے موثر ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے ڈاکو کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر، ایس ڈی پی او گوجرخان اور مندرہ پولیس کو شاباش دی۔
سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ پولیس اور شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔