لاہور: (دنیا نیوز) پولیس نے سیشن کورٹ اسلام پورہ میں میاں بیوی کے قتل کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس نے مقتولین کی بیٹی کی مدعیت میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، مقدمہ میں لڑکی نے اپنے چچا، دو رشتہ داروں جمشید اور سیف کے علاوہ دو شوٹرز امیر اور اعظم کو نامزد کیا ہے، ملزمان کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین چوہنگ میں 2022 میں قتل کے کیس میں پیشی کیلئے آئے ہوئے تھے، پیشی سے واپس سیڑھیاں اترتے ہوئے دو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے خاتون صغراں بی بی اور شوہر امین کو قتل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: سیشن کورٹ میں فائرنگ، خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق
پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی تین ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جلد دیگر ملزمان بھی قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز اسلام پورہ سیشن کورٹ میں پیشی پر آئے میاں بیوی کو مخالفین نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔