کوہاٹ پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، 5ملزمان گرفتار

Published On 03 May,2023 02:07 pm

پشاور: (دنیانیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد کرلیا۔

کوہاٹ پولیس نے مرئی چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولہ بارود اور مہلک ہتھیار برآمد کیا گیا ہے ۔

ایس پی آپریشنز زاہد خان کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان میں لیوی خاصہ دار کے 4 اہلکار بھی شامل ہیں۔

ایس پی آپریشنز کا بتانا تھا کہ برآمد ہتھیاروں میں راکٹ لانچر، انٹی ائیر کرافٹ گن، 18 راکٹ گولے اور 20 راکٹ شیل بوسٹرز شامل ہیں جبکہ زیر حراست افراد کے قبضے سے 13 دستی بم، 2 ایس ایم جی گن، 3000 کے قریب کارتوس بھی برآمد کیے گئے ہیں ۔

پولیس کے مطابق اسلحہ سرکاری گاڑی میں اورکزئی سے درہ آدم خیل سمگل کیا جارہا تھا ، سمگلنگ میں ملوث لیوی خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

پولیس کاکہنا ہے کہ تھانہ استرزئی میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔