لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سابقہ بیوی اور اس کے شوہر کوغیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔
لاہور میں دوہرے قتل کی واردات سامنے آئی، جہاں دوسری شادی کی رنجش پر سابقہ بیوی اور اس کے شوہر کو قتل کرنے والا ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوہرے قتل کی واردات لاہور کے علاقے بادامی باغ میں ہوئی، جہاں ملزم ذاکر نے اپنے بیٹے اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سابقہ بیوی یاسمین کو دوسری شادی کرنے کی رنجش پر اس کے شوہر عمران سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، تاہم شفیق آباد پولیس نے ناکہ بندی کے دوران فرار ہونے والے ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا، لیکن اس میں مرکزی ملزم ذاکر موجود نہیں تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے بس کے ذریعے فرار ہونے والے مرکزی ملزم ذاکر اور اس کے بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا اور ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان اپنی اور مقتولین کی بچیوں کو بھی اغواء کر کے ساتھ لے جا رہے تھے جنہیں بازیاب کرا لیا گیا ہے۔