خضدار: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایس ایچ او شربت خان عمرانی خضدار قومی شاہراہ میڈیکل کالج کے نزدیک دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی خضدار نے کہا کہ ایس ایچ او خضدار انسپکٹر شربت خان عمرانی گھر سے دفتر کی طرف جا رہے تھے کہ خضدار قومی شاہراہ کے قریب ان کی گاڑی میں دھماکا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایچ او خضدار شربت خان عمرانی دھماکے کے بعد موقع پر دم توڑ گئے تھے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس، سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق انسپکٹر کا جسد خاکی خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔