کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو مارا گیا اور چار ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مبینہ مقابلے میں 2 افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جن میں سےایک دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عامر نامی شہری نے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے، پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک زخمی سمیت دونوں ملزمان پکڑے گئے، گرفتار ملزمان سے 3 پستول، چھینی گئی رقم 12 ہزار روپے، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی جب کہ زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔
ادھر گارڈن دھوبی گھاٹ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا، گارڈن پولیس واردات کی اطلاع پر پہنچی جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ملزمان زخمی ہوگئے، زخمیوں میں شیر علی اور عبدالرحیم شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق لیاری سے ہے، جوہر آباد میں بھی فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک سٹریٹ کرمنل کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جہاں گشت پر مامور پولیس نے ملزم کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا ، ملزم نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار زخمی ملزم کی شناخت حسین ولد عمران کے نام سے ہوئی، ملزم ے ایک پستول، گولیاں ، موٹر سائیکل برآمدہوا۔