کچہ رجوانی: دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا پولیس پر راکٹ لانچروں سے حملہ

Published On 21 April,2023 12:06 pm

صادق آباد: (دنیا نیوز) کچہ رجوانی کے علاقے میں دہشت گردوں اور کچہ کے جرائم پیشہ عناصر نے پولیس پر راکٹ لانچروں اور لانگ رینج ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔

شرپسندوں کے حملے میں پولیس کی اے پی سی کو معمولی نقصان پہنچا، جوابی کارروائی میں دہشت گرد و ڈاکو پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے، پولیس نے علاقے میں قابل سکھانی اور لاٹھانی گینگ کے 18 ، 20 خطرناک ملزمان اور دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لینے اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے جنوبی پنجاب روانہ ہوگئے، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق کچہ مورو اور کچہ جمال کے علاقے کلیئر کروا لئے گئے ہیں، گزشتہ برس ہونے والے آپریشن کے دوران یہاں شہادتیں ہوئی تھیں تاہم اس برس بغیر کسی نقصان کے دونوں علاقے کلیئر کرائے گئے ہیں۔

کچہ پولیس آپریشن تیرھویں روز جاری ہے، اس دوران رحیم یار خان پولیس نے اب تک 20 ڈاکو گرفتار کر لئے ہیں جب کہ 3 ہلاک ہو چکے ہیں، پولیس نے کچہ کا مزید ہزاروں ایکڑ رقبہ جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر دیا ہے، پولیس کی مؤثر حکمت عملی سے سکھانی گینگ کی مزاحمت دن بہ دن کمزور پڑ رہی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کچہ آپریشن کو کامیاب بنا کر اہل علاقہ کو مستقل امن کا تحفہ دے گی، علاقہ میں امن کا مستقل قیام ہماری عید کا دن ہو گا۔