کراچی: (دنیا نیوز) کورنگی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کر کے اسلحہ، موٹر سائیکل، چھینے گئے موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی ساجد سدوزئی نے بتایا کہ کورنگی کے علاقے اڑھائی نمبر پٹرول پمپ کے قریب علاقہ گشت پر مامور پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ موٹر سائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کر رہے ہیں جس پر پولیس پارٹی موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرا شدید زخمی ڈاکو ہسپتال لیجاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول، چھیننے ہوئے 9 موبائل فونز، پرس اور نقدی برآمد کرلی۔
ایس ایچ او کورنگی عامر ملک نے بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکوؤں کو 4 شہریوں نے شناخت کر لیا جس میں ایک مدعی زمان ٹاؤن بھٹائی آباد کا جبکہ 3 مدعی کورنگی اڑھائی نمبر کے ہیں جن سے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقابلے میں مارے جانے والے تینوں ڈاکوؤں نے چند روز قبل کورنگی میں کیفے مالا کے باہر بھی شہریوں سے لوٹ مار کی تھی جس میں وہ 15 سے زائد موبائل فونز چھین کر فرار ہوئے تھے اور تھانے میں متاثرہ افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عامر ملک نے کہا کہ تینوں ڈاکو کورنگی، زمان ٹاؤن اور کورنگی صنعتی ایریا میں سٹریٹ کرائمز کی درجنوں وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کی عمریں 24 سے 28 سال کے درمیان ہیں جن کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی اور پولیس بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے کوششیں کر رہی ہے۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد تینوں ڈاکوؤں کی لاشیں تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی ہیں۔