لاہور : (دنیا نیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) نے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے چار مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور کے سرحدی علاقے باٹا پور میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ منڈی بہاؤالدین ، نارووال ، جہلم سے بھی تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں 46 مقامات پر کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیے، ان کارروائیوں کے دوران 467 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی جبکہ 2694 افراد سے پوچھ گچھ کے دوران 3 مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف 4 مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔