کراچی : ( دنیا نیوز ) کراچی پولیس اور رینجرز نے کٹی پہاڑی کے علاقے میں طویل سرچ اور کومبنگ آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب 7 ملزمان گرفتار کر لئے۔
کراچی پولیس کے مطابق پولیس اور رینجرز نے کٹی پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر 15 گھنٹے سے زائد سرچ اور کومبنگ آپریشن کیا جس کے دوران متعدد مقدمات میں انتہائی مطلوب سات ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتارملزمان میں شہزاد عرف بے بی، سلیم، زاہد موالی، ساجد ملا ، نیاز ، جنید اور دانیال شامل ہیں جبکہ آپریشن کے دوران غیرقانونی شہریت رکھنے والے 17 افغان باشندے بھی حراست میں لئے گئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے 12 تیس بور پستول ، 4 نائن ایم ایم پستول ،3 بارہ بور شارٹ گن، 1 سیون ایم ایم رائفل اور 500 مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے 15 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔