کراچی: (دنیا نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پاکستان پہنچنے والے 9 افغان باشندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن آئس اور دیگر منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹس فورس کے مطابق اے این ایف اور ایف سی کی مشترکہ کارروائی میں افغانستان سے طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچنے والے 9 افغان باشندوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی جس میں 3 افغان باشندوں کے قبضے سے 36 کلو 500 گرام آئس، 8 کلو 580 گرام مشکوک مواد اور 7 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان حیدر خان، عصمت اللہ اور ساتھی کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے نجی کوریئر آفس میں 2 مختلف کارروائیاں کی گئیں جن میں لندن بھیجے جانیوالے جیکٹس کے پارسل سے 230 گرام مشکوک مواد برآمد کیا گیا جب کہ دبئی بھیجنے کیلئے بک پارسل سے 10 گرام آئس برآمد ہوئی۔
حکام کے مطابق برآمد شدہ منشیات واسکٹ میں چھپائی گئی تھی، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔