لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں فاسٹ فوڈ شاپ پر 6 ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے، ورثا نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
باغبانپورہ کےعلاقے میں قائداعظم انٹرچینج کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں معمولی جھگڑے کے نتیجے میں 6 ملزمان نے فاسٹ فوڈ شاپ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر دکان کے 2 ملازم جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ عمران اور 21 سالہ علی حسن شامل ہیں۔
زخمی سپرنٹنڈنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عابد حسین، حسن رضا، شعیب جمیل، اعجاز حسین اور عزیز الرحمان کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمی افراد کا کہناتھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔
فاسٹ فوڈشاپ کے مالک کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ملزمان برگر لینے کیلئے آئے تھے۔ برگرز کی تیاری میں تاخیر پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد صلح ہو گئی تھی۔ آج 6 ملزمان موٹر سائیکلوں پر آئے اور دیرینہ رنجش پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
لواحقین نے واقعے کے خلاف لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ایس پی کینٹ عیسٰی سکھیرا موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے، پولیس نے لاشیں مردہ خانہ منتقل کر دیں۔
مظاہرین کے احتجاج سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہورسے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔