لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج لاہور آئیں گے جہاں وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے ملاقات کے دوران صوبے کے امور پر بریفنگ لیں گے، عمران خان پنجاب کابینہ کی تشکیل پر بھی وزیراعلی پرویز الہی سے مشاورت کریں گے۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور ارکان اسمبلی کی بھی عمران خان سے ملاقات ہو گی، وفاقی حکومت کی جانب سے دھمکیوں کا تحریک انصاف کی قیادت جائزہ لیکر سیاسی لائحہ عمل طے کرے گی۔ عمران خان کے دورہ لاہور کے دوران اہم اقدامات کی منظوری کے لئے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے پہلے ہی ترجیحات کے تعین کے لئے اہم اجلاس طلب کر لئے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین اجلاسوں میں پالیسی لائن دیں گے، عمران خان کی ایوان وزیر اعلی آمد پر وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی ، مونس الہی کی ملاقات ہو گی، حسین الہی بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔
عمران خان کے دورے کے دوران فنانس ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بارے اہم اجلاس ہو گا جس میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں بارے بریف کیا جائے گا، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی بارے بھی اجلاس طلب کر لیا گیا۔ پنجاب کے اہم ترین وکلا سے ملاقات بھی شیڈول ہے، وکلا سے ملاقات میں عدلیہ کے خلاف وفاقی حکومت کے اقدامات کی مزاحمت بارے مشاورت ہو گی۔
عمران خان اور پرو یز الہی سے ارکان اسمبلی بھی ملاقات کریں گے جس میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ پنجاب میں احساس پروگرام کو جاری رکھنے اور موثر بنانے بارے بھی اجلاس ہوگا جس میں ثانیہ نشتر بھی شریک ہوں گی۔