کوئٹہ : (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بجلی چوری کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے جس کے سبب کیسکو نے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون بھی جاری ہے۔
بلوچستان کے اکثرعلاقوں میں بجلی چوری کو صارفین اپنا حق سمجھنے لگے ہیں، ہر علاقے میں بڑی تعداد میں لوگ بلاخوف کنڈے ڈال کر بجلی استعمال کر رہے ہیں۔ کوئٹہ کے سریاب، ہزارہ ٹائون، مشرقی ومغربی بائی پاس، نواں کلی سمیت دیگر علاقوں اور بیشترسرکاری کالونیوں میں بجلی کی چوری عام ہے، لوگوں کے بجلی چوری کے حق میں اپنے ہی دلائل ہیں۔
کیسکوذرائع کے مطابق کوئٹہ میں 20 سے 30 اور صوبے کے دیگرعلاقوں میں 50 فی صد تک بجلی چوری ہورہی ہے جس کی وجہ سے کمپنی کا مالی خسارہ بڑھ رہا ہے۔ کیسکو کی جانب سے بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بجلی چوری میں اضافے کے باعث کیسکو نے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔