کراچی:پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ، نوجوان جاں بحق

Published On 15 March,2022 04:57 pm

کراچی:(دنیا نیوز) سہراب گوٹھ شفیق کالونی میں پولیس اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے اسماعیل نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

ورثاء کے احتجاج پر قتل کا مقدمہ گبول ٹاؤن تھانہ میں درج کر کے فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات شعیب بخاری کی رپورٹ میں۔

کراچی پولیس اہلکاروں کا غیر پیشہ ورانہ رویہ اور مبینہ بھتہ خوری نے چار بچوں کا باپ چھین لیا۔ واقعہ گزشتہ روز سہراب گوٹھ شفیق کالونی میں پیش آیا۔

اہل خانہ کے مطابق 28 سالہ اسماعیل دوپہر کا کھانا کھا کر ملازمت پر فیکٹری جارہا تھا، راستے میں موجود پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کی زد میں آگیا۔

ورثا کی جانب سے کہا گیا کہ ابتدائی طور پر پولیس واقعہ سے لاعلمی ظاہر کر رہی تھی۔ تاہم احتجاج پر واقعہ کا مقدمہ درج کر کے فائرنگ کرنے والے دونوں اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا۔

اسماعیل شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ تھا، کاروبار میں نقصان ہونے پر فیکٹری میں ملازمت شروع کی تھی، اہل خانہ نے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔