فیصل آباد سینٹرل جیل میں قید اسیران کے اہلخانہ کیلئے فیملی کوارٹرز قائم

Published On 12 January,2022 08:40 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد سینٹرل جیل میں لمبی سزائیں کاٹنے والے اسیران کے اہلخانہ کیلئے فیملی کوارٹرز قائم کردئیے گئے، اسیران کے رہائشی کوارٹرز کا صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے افتتاح کیا۔

اب جیلوں میں قید لمبی سزائیں کاٹنے والے اسیران دوران قید اپنے کم عمر بچوں اور بیوی کے ساتھ چند روز گزار سکیں گے، فیصل آباد کی سینٹرل جیل میں قیدیوں کے 54 فیملی کوارٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں جن کا باقاعدہ افتتاح صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کیا، ان کا کہنا تھا کہ لمبی قید کاٹنے والے اسیران سال میں تین بار تین دن کیلئے اپنے کم عمر بچوں اور میاں بیوی کے ساتھ رہ سکیں گے۔

اس موقع پر اپنے پیاروں سے جیل میں ملاقات کیلئے آنے والے کمسن بچے اور ان کے دیگر اہلخانہ بھی خاصے خوش دکھائی دئیے۔ جیلوں میں قید اسیران اپنے بچوں اور میاں بیوی سے ملاقات کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست جمع کروائیں گے جہاں ان کی باری کے مطابق ملاقات کا اہتمام کردیا جائے گا۔